ایران جنگ کے خاتمے کیلئے ڈیل؟؟؟ مارکو روبیو نے امریکی شرط بھی بتادی

*ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے، معاہدے کے لیے تیار ہیں، امریکی وزیر خارجہ*

 

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرنے پر اب بھی آمادہ ہیں، تاہم اس کی بنیادی شرط یہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔

 

نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ آج بھی ایسے معاہدے کے لیے تیار ہیں جس سے ایران ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بن سکے۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ واشنگٹن کے لیے سب سے اہم نکتہ یہی ہے کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہ ہوں۔ اگر اس بات کو یقینی بنانے والا معاہدہ ممکن ہوا تو امریکا سمجھوتے کے لیے تیار ہے۔

 

روبیو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے باوجود اہم امور پر اختلافات برقرار ہیں، تاہم سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

 

ایک روز قبل بھی امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ امریکا ایرانی قیادت سے ملاقات کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ اس سے کسی مثبت نتیجے کی توقع ہو۔

 

دوسری جانب ایرانی حکام نے بھی جنگ کے خاتمے سے متعلق تجاویز پر امریکی جواب کا جائزہ لینے کی تصدیق کی ہے، تاہم دونوں فریقین کے مؤقف میں تاحال کئی اختلافات موجود ہیں۔