*یمن کے حوثیوں کی امریکا کو وارننگ، سعودی حمایت پر امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی دھمکی*
یمن کے حوثی گروپ نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے سعودی عرب کی حمایت کی تو امریکی مفادات ان کے نشانے پر ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حوثیوں کے مشیر عابد محمد الثور نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر امریکا نے آبنائے باب المندب کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی یا یمن میں مداخلت کی تو خطے میں موجود امریکی تنصیبات اور مفادات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی بحری بیڑے کے ذریعے مداخلت یا باب المندب پر کنٹرول کی کوشش ان کے لیے سرخ لکیر ہوگی، اور ایسی صورت میں وہ امریکا کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔
عابد محمد الثور نے مزید کہا کہ اگر واشنگٹن نے سعودی عرب کی حمایت میں فضائی حملے یا کسی قسم کی فضائی معاونت فراہم کی تو خطے میں موجود تمام امریکی مفادات کو جائز ہدف تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوجی کارروائی کی صورت میں باب المندب کو امریکی بحری جہازوں کے لیے بند کرنے پر غور کیا جائے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کے خلاف امریکا سے مدد مانگنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ حوثیوں کے خلاف ممکنہ فضائی کارروائی پر غور کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے باب المندب بحیرہ احمر اور خلیج عدن کے درمیان واقع ایک اہم بحری گزرگاہ ہے، جسے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔






