آزاد کشمیر میں 71 آسامیاں مشتہر کرکے 141 ڈاکٹروں کی ایڈہاک تقرریوں کا انکشاف، ریکارڈ طلب

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابقہ دورِ حکومت کے دوران مبینہ طور پر ڈاکٹروں کی 71 آسامیاں مشتہر کرکے 141 ڈاکٹروں کو ایڈہاک بنیادوں پر تعینات کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

آزاد کشمیر کے وزیرِ صحت عامہ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سے سابقہ دورِ حکومت میں محکمہ صحت عامہ میں کی گئی تمام تقرریوں کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آزاد کشمیر ڈاکٹر سردار آفتاب احمد خان نے متعلقہ اداروں اور انتظامی افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ دسمبر 2025 سے اب تک محکمہ صحت عامہ میں مشتہر کی گئی آسامیوں کے اشتہارات، تقرریوں کی مکمل تفصیلات اور خالی آسامیوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

ریکارڈ طلب کیے جانے والے افسران میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، کمانڈنگ افسران سی ایم ایچ مظفرآباد و راولاکوٹ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال میرپور، ٹیچنگ ہسپتال میرپور، پروگرام منیجر ای پی آئی، مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران، کارڈیک ہسپتال مظفرآباد اور پرنسپل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ گڑھی دوپٹہ سمیت 18 انتظامی افسران شامل ہیں۔

محکمہ صحت کے متعلقہ افسران سے کہا گیا ہے کہ مطلوبہ تفصیلات فراہم کریں تاکہ مبینہ طور پر مشتہر آسامیوں سے زائد کی گئی ایڈہاک تقرریوں کے معاملے کا جائزہ لیا جاسکے۔