خطرناک وائرس بے قابو، روزانہ درجنوں کیسز رپورٹ، متعدد گاؤں لپیٹ میں

خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے زیارت کاکا صاحب اور ملحقہ متعدد دیہات میں چکن گونیا کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق نوشہرہ کے مختلف ہسپتالوں میں روزانہ 50 سے 100 تک چکن گونیا کے مریض رپورٹ ہو رہے ہیں، جس کے باعث طبی مراکز پر مریضوں کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔

مریضوں کی بڑی تعداد کے باوجود ہسپتالوں میں طبی عملے، ادویات اور دیگر ضروری سہولیات کی کمی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور محکمہ صحت سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ افراد کو بروقت علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ شہریوں نے چکن گونیا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ہسپتالوں میں اضافی طبی عملہ تعینات کرنے، وافر مقدار میں ادویات فراہم کرنے اور دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

چکن گونیا ایک وائرل بیماری ہے جو مخصوص اقسام کے مچھروں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔ اس کی عام علامات میں تیز بخار، جوڑوں میں شدید درد، سر درد، پٹھوں میں درد، جلد پر خارش اور جوڑوں کے گرد سوجن شامل ہیں۔ بعض مریضوں میں متلی، قے اور خسرہ جیسے دانے بھی ظاہر ہو سکتے ہیں۔

چکن گونیا کی تشخیص کے لیے خون کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ بیماری عموماً جان لیوا نہیں ہوتی، تاہم بعض مریضوں میں علامات کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے اور جوڑوں کا درد طویل عرصے تک برقرار رہ سکتا ہے۔