کان کے قطروں پر پابندی عائد

لاہور: کان کے قطروں (Ear Drops Dexatob 5mL) کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا، جس میں استعمال فوری روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب کے ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول (ڈی ڈی سی) نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کان کے قطروں کے ایک مخصوص بیچ کو غیر معیاری اور ملاوٹی قرار دے کر مارکیٹ سے فوری واپس منگوانے کا حکم دے دیا ہے۔

جاری کردہ الرٹ نمبر 168/2026 میں کہا گیا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب نے کراچی کی فرم سینٹے پرائیویٹ لمیٹڈ کی تیار کردہ پروڈکٹ “ایئر ڈراپس ڈیکسٹوب 5 ایم ایل (Ear Drops Dexatob 5mL، رجسٹریشن نمبر 029525) کے بیچ نمبر AS-208 (ایکسپائری اپریل 2028) کو ملاوٹی قرار دیا ہے۔

پروونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب کی ہدایت پر اس بیچ کی کلاس ون ریکال جاری کی گئی ہے۔

حکام نے متعلقہ مینوفیکچرر/مارکیٹ آتھورائزیشن ہولڈر کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ بیچ کو مارکیٹ سے فوری واپس منگوائیں اور مکمل ڈسٹری بیوشن ریکارڈ فراہم کریں۔

تمام میڈیکل اسٹورز، فارمیسیوں، ہول سیلرز اور ہیلتھ فیسیلٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بیچ کی فروخت اور استعمال فوری بند کر دیں اور موجودہ اسٹاک کا ریکارڈ متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو فراہم کریں۔

دوسری جانب عوام اور مریضوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اس مخصوص بیچ کا استعمال فوری طور پر روک دیں کیونکہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، اور کسی بھی غیر معمولی علامت یا ردعمل کی صورت میں صوبائی فارماکو ویجیلنس سینٹر کو اطلاع دیں۔