عوام کے لیے الرٹ! الرجی اور نزلہ زکام کی یہ دوا ہرگز نہ خریدیں!

الرجی اور نزلہ زکام کے لیے استعمال ہونے والی دوا Citraclor کے مخصوص بیچز کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے پنجاب میں ان کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب اور ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب کی رپورٹ کے بعد میڈیکل الرٹ جاری کیا۔ رپورٹ کے مطابق دوا میں عضویاتی ناپائیداری اور آلائشوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جو صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہیں۔

الرٹ کے مطابق Citraclor (Cetirizine Dihydrochloride 10mg) کے بیچ نمبرز 38126، 37826، 37726، 38026 اور 37926 کو غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔ ان تمام بیچز کی میعاد مارچ 2028 تک ہے۔ دوا میسرز آرسنز فارماسیوٹیکل انڈسٹریز لاہور کی تیار کردہ ہے۔

تمام میڈیکل اسٹورز، فارمیسیوں، اسپتالوں اور ہول سیلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ بیچز کی فروخت فوری طور پر روک کر موجود اسٹاک واپس کریں اور اس کی تفصیلات متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو فراہم کریں۔

شہریوں اور مریضوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ بیچز کی دوا کا استعمال فوری طور پر بند کردیں اور ضرورت پڑنے پر ڈاکٹر یا فارماسسٹ سے مشورہ کریں۔

چینل: نیوز اپڈیٹ