1971 میں بھارت نے پاکستان کو کمزور کیا تھا، اسپیکر بنگلادیشی

اسلام آباد: بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل ہونا چاہیے، حسینہ واجد بنگلادیش واپس آئیں تو سیدھا جیل جائیں گی۔ 1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی بلکہ پاکستان کو کمزور کیا تھا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ الدین احمد نے کہا کہ حسینہ واجد نے مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے، بھارت حسینہ واجد کو واپس نہیں کرتا تو بین الاقوامی عدالت انصاف جائیں گے۔

بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ بنگلادیش اور پاکستان میں پارلیمانی نظام ایک جیسا ہے۔ 1975 میں بنگلادیش میں یک جماعتی نظام لایا گیا، بدقسمتی سے ہمیں خالص جمہوریت نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ اس سال فروری میں جو انتخابات ہوئے وہ شفاف تھے، پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوستی کا تعلق مزید گہرا ہوگا، آئی پی او میں حمایت پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

بنگلادیش پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے، بنگلادیشی حکومت حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی لگانے کا سوچ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 15 سال میں بنگلادیش ہمسایہ ملک کی کالونی بن چکا تھا، ہمسایہ ملک کی کالونی بننے سے ہمارے عوام پس رہے تھے۔

بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ 1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی بلکہ پاکستان کو کمزور کیا، ہم بنگلادیشی جمہوری لوگ ہیں، کسی قسم کی آمریت کو برداشت نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ 1971 میں بھی ہم نے جمہوریت مانگی تھی جو نہیں دی گئی، حسینہ واجد واپس آنے کا اعلان صرف اپنے کارکنوں کو بتانے کے لیے کرتی ہیں، حسینہ واجد آئندہ 10 سال تک بنگلادیش واپس نہیں آئیں گی۔