قلات: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے وژن اور صوبائی وزیر داخلہ کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ قلات کے زیر اہتمام کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوامی مسائل سننا اور ان کے حل کے لیے سفارشات مرتب کرنا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں تحصیلدار حاجی عبدالغفار لہڑی کی زیر صدارت ہونے والی کھلی کچہری میں علاقہ عمائدین، ایس ایچ او سٹی میر نذیر عمرانی، مختلف محکموں کے سربراہان، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور صحافیوں نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے شہر میں امن و امان، صفائی ستھرائی، ٹیچنگ اسپتال میں سرد خانے کی تعمیر، ادویات کی قلت، زاوہ ڈیم کی تعمیر میں تاخیر اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی سمیت مختلف مسائل اجاگر کیے۔
اس کے علاوہ سڑکوں کی بندش سے شہریوں اور مریضوں کو درپیش مشکلات جبکہ محلہ کلی پنرانی اور محلہ گوم میں پینے کے پانی کی قلت کے مسائل بھی انتظامیہ کے سامنے رکھے گئے۔
تحصیلدار حاجی عبدالغفار لہڑی نے شہریوں کے مسائل توجہ سے سنے اور انہیں فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری کی سربراہی میں علاقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔






