سابق امیدوار صاحبزادہ سید ماجد گیلانی خاندان سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار

اسلام آباد:آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی ، حویلی کے سیاسی و سماجی رہنما صاحبزادہ سید ماجد گیلانی اور اشفاق گیلانی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خاندان سمیت پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی حویلی کے رہنما تجمل قریشی بھی موجود تھے۔
صاحبزادہ سید ماجد گیلانی کا تعلق حویلی کے ایک ممتاز خاندان سے ہے۔ ان کی اپنے خاندان سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت حویلی، بالخصوص بساہاں اور خورشید آباد کے علاقے میں پارٹی کے لیے ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی عوامی حمایت مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے صاحبزادہ سید ماجد گیلانی اور ان کے خاندان کو پارٹی میں دوبارہ شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کا پیپلز پارٹی میں واپس آنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی اور ترقیاتی اقدامات کے ذریعے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے صرف چھ ماہ کے اندر اپنی کارکردگی سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے سنجیدہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف مکاتب فکر اور بااثر شخصیات جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور حکومت بلاامتیاز ریاست کے تمام علاقوں کی ترقی، نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے، میرٹ کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حویلی سمیت آزاد کشمیر کے تمام علاقوں کی متوازن ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوامی خدمت کا یہ سفر پوری تندہی سے جاری رہے گا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ صاحبزادہ سید ماجد گیلانی اور ان کے خاندان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور عوامی خدمت کے مشن کو نئی تقویت ملے گی۔
اس موقع پر صاحبزادہ سید ماجد گیلانی نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت، حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور ترقیاتی وژن پر اعتماد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کو حویلی میں مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close