آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ بند ہوسکتا ہے؟ پی ٹی اے کا صارفین کے لیے ہنگامی الرٹ

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کردی ، جس میں واٹس ایپ اکاؤنٹ بند ہونے سے متعلق خبردار کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک بھر میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک انتہائی اہم ایڈوائزری جاری کی ، جو خاص طور پر ان اکاؤنٹس کو متاثر کر سکتی ہے جو غیر فعال یا غیر رجسٹرڈ سم کارڈز پر چل رہے ہیں۔

پی ٹی اے حکام نے کہا کہ اگر آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی ایسی سم پر بنا ہوا ہے، جو بلاک یا ڈی ایکٹیویٹ ہو چکی ہے، تو آپ کسی بھی وقت اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ، چیٹس اور رابطوں تک رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔

اتھارٹی نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے اچانک لاگ آؤٹ ہونے سے پہلے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھائیں۔

پی ٹی اے نے صارفین کی ڈیجیٹل سیکیورٹی کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ہمیشہ ایک فعال اور اپنے نام پر رجسٹرڈ سم کے ساتھ منسلک رکھیں اور فوری طور پر اپنے واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر تصدیق کریں کہ جو نمبر استعمال ہو رہا ہے وہ سم آپ کے پاس چل رہی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ اگر آپ کا واٹس ایپ کسی غیر فعال یا بند سم پر چل رہا ہے، تو اسے فوری طور پر اپنے فعال موبائل نمبر پر شفٹ کریں اور ضرورت پڑنے پر اپنے متعلقہ موبائل نیٹ ورک کی قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں۔

پی ٹی اے حکام نے کہا کہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ، کانٹیکٹس (روابط) اور ڈیجیٹل شناخت کو محفوظ بنانے کے لیے سم کی مکمل بائیومیٹرک تصدیق اور ایکٹیویشن بے حد ضروری ہے۔

حکام نے واضح کیا کہ موبائل نمبر اب صرف بات چیت کا ذریعہ نہیں رہا، بلکہ یہ آپ کی ڈیجیٹل شناخت بن چکا ہے، اس لیے اپنی ڈیجیٹل شناخت اور واٹس ایپ اکاؤنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے فوری ذمہ داری کا ثبوت دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close