واٹس ایپ نے پرانے اینڈرائڈ اور آئی او ایس اسمارٹ فونز پر سروس بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق میٹا کی زیرِ ملکیت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ‘واٹس ایپ’ پرانے اینڈرائڈ (Android) اور آئی او ایس (iOS) آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے اسمارٹ فونز پر اپنی سروسز بند کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
جس کے بعد ان پرانے ڈیوائسز کے حامل صارفین واٹس ایپ پر لاگ ان نہیں کر سکیں گے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ نیا سیکیورٹی فیچر ایک ‘سرور سائیڈ اپ ڈیٹ’ کے ذریعے ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اس پابندی کا اطلاق واٹس ایپ کے کسی خاص ورژن کو اپ ڈیٹ کیے بغیر بھی براہِ راست ہو سکتا ہے۔
غیر فعال یا پرانے آپریٹنگ سسٹمز استعمال کرنے والے صارفین کو واٹس ایپ کی جانب سے انتباہی (Warning) نوٹیفکیشنز بھیجنا شروع کیے جائیں گے۔ یہ انتباہ واٹس ایپ کے ورژن کے بجائے براہِ راست موبائل فون کے آپریٹنگ سسٹم سے متعلق ہو گا۔






