محکمہ مذہبی امور کی محرم الحرام کے دوران طے شدہ SOPs اور روٹس کی پابندی کرنے کی اپیل

مظفرآباد: محکمہ مذہبی امور آزاد کشمیر نے محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے تمام مکاتبِ فکر سے طے شدہ ضابطہ اخلاق (ایس او پیز) اور متعین کردہ جلوس و مجالس کے راستوں کی مکمل پابندی کرنے کی اپیل کی ہے۔

محکمہ مذہبی امور کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ تمام مکاتبِ فکر ملکی قوانین اور ضابطوں کے مطابق اپنی مذہبی روایات، عبادات اور مذہبی رسومات آزادانہ طور پر ادا کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ محرم الحرام اور نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں امت مسلمہ کے لیے صبر، برداشت، عفو و درگزر، اتحاد اور استقامت کا روشن نمونہ ہیں۔

محکمہ مذہبی امور کے مطابق عقیدہ توحید، عقیدہ ختم نبوتؐ، ناموس رسالتؐ، تمام انبیائے کرام علیہم السلام کا احترام، کتبِ سماوی پر ایمان، اہلِ بیت اطہارؓ سے محبت، ازواج مطہراتؓ کی عزت و تکریم، صحابۂ کرامؓ کے ادب و احترام اور اولیائے کرام سے وابستگی ہی امت مسلمہ کے اتحاد، کامیابی اور سربلندی کی ضمانت ہے۔

پریس ریلیز میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close