مظفرآباد (پی آئی ڈی): آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اور پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین کے درمیان ایوان وزیراعظم میں اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزراء حکومت سید بازل علی نقوی، جاوید اقبال بڈھانوی اور معاون خصوصی مبشر منیر اعوان بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد، آئندہ انتخابات کے حوالے سے جماعتی حکمت عملی، ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے اور مختلف تنظیمی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزراء نے وزیراعظم اور صدر جماعت کو اپنی اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر عوام کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے اور آئندہ انتخابات میں عوامی خدمت، بہتر طرز حکمرانی اور ترقیاتی ایجنڈے کی بنیاد پر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کیے گئے عملی اقدامات پارٹی کی انتخابی مہم کا اہم حصہ ہوں گے۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین نے کہا کہ جماعت کو نچلی سطح تک مزید فعال اور منظم بنایا جائے گا تاکہ کارکنوں اور عوام کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان جماعت کا اصل سرمایہ ہیں اور ان کی مشاورت و تجاویز کو ہر سطح پر اہمیت دی جائے گی۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ انتخابات کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی، پارٹی تنظیموں کو مزید متحرک بنایا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر عوامی اعتماد پر پورا اترتے ہوئے خطے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






