گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ دعاگو ہیں کہ فیلڈ مارشل امن کی کوششوں میں کامیاب ہوں، کیونکہ خطے اور دنیا میں امن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گلگت بلتستان میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حالیہ تنازعات میں معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ جنگوں کا بوجھ صرف متاثرہ ممالک ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے عوام اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کی کوششوں کا کامیاب ہونا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شاید ہی کوئی سیاست دان ہو جس نے ان کی طرح پورے پاکستان کے دورے کیے ہوں۔ ان کے بقول وہ گلگت بلتستان کی ہر تحصیل میں پہنچے ہیں اور عوام کے مسائل کو قریب سے جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں اس بار فضا مختلف ہے اور عوام کو درپیش مسائل زیادہ نمایاں ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کا واحد فلاحی پروگرام ہے جو غریب خاندانوں تک براہ راست پہنچتا ہے اور اس کے خلاف ہونے والی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع اور ترقی کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے وسائل پر حقِ ملکیت ملنا چاہیے اور ہر ترقیاتی منصوبے میں مقامی آبادی کو شریک کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے تھر کول منصوبے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں مقامی افراد کو روزگار، بجلی اور ترقیاتی ثمرات میں حصہ دیا گیا، اور یہی ماڈل گلگت بلتستان میں بھی اپنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ صوبوں سے نہیں بلکہ عالمی معیار سے مقابلہ کرتے ہیں۔ سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر کیے جانے والے لاکھوں گھروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کے بڑے بحالی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے اور ان گھروں کی ملکیت خواتین کے نام پر دی جا رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پن بجلی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور ماضی کے سرویز کے مطابق یہاں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وسائل کو درست انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ خطہ توانائی پیدا کرنے کا بڑا مرکز بن سکتا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 7 جون کے انتخابات میں تیر کے نشان پر مہر لگائیں تاکہ پیپلز پارٹی مقامی آبادی کو ان کا حقِ ملکیت دے سکے، ترقیاتی منصوبوں کو وسعت دے اور گلگت بلتستان میں جدید اسپتالوں کا جال بچھا کر عوام کو مفت اور معیاری علاج کی سہولت فراہم کر سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






