مظفرآباد
آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے جاری شدہ حتمی حلقہ بندی میں راولاکوٹ، ہجیرہ و تراڑکھل اور مظفرآباد سمیت کئی علاقوں میں رودو بدل کیا گیا ہے جبکہ لیپہ، چکار، ہٹیاں اور کھوئی رٹہ میں بھی نئی حد بندیوں کا اطلاق کیا گیا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ ہے۔ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے عبوری حلقہ بندی جاری کرتے ہوئے عوام الناس سے تجاویز /اعتراضات طلب کئے تھے جس کے خلاف مظفرآباد ڈویژن، میرپور ڈویژن اور پونچھ ڈویژن میں کچھ حلقہ جات کی نسبت اعتراضات / تجاویز موصول ہوئی تھیں جن میں سے کچھ درخواست ہا کو عدم پیروی کی وجہ سے خارج کر دیا گیا تھا اور کچھ درخواست ہا پر متعلقہ ڈویژن کے کمشنرز سے رپورٹ حاصل کرتے ہوئے بعد از سماعت خارج کر دیا تھا۔الیکشن کمیشن نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے اسی حلقہ بندی کو برقرار رکھا ہے جو گزشتہ عام انتخابات 2021میں جاری کی گئی تھی کوئی نئی حد بندی نہیں کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اسامیوں پر تقرری کے لیے ایک اشتہار بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ ہے۔ الیکشن کمیشن آزادجموں وکشمیر نے کسی بھی اسامی پر تقرری کے لیے کوئی اشتہار جاری نہ کیا ہے، سوشل میڈیا پر جو اشتہار گردش کر رہا ہے وہ سال 2018 کا ہے۔ عوام الناس اور میڈیا ہے گزارش ہے کہ اس نوعیت کی غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں اور مستند معلومات کے لیے صرف الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیوں اور سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






