وزیراعظم آزاد کشمیر نے وکلاء کیلئے ذاتی جیب سے فنڈ دینے کا اعلان کر دیا

راولپنڈی
آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی سے خطاب کیا۔اس سے پہلے جب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی پہنچے تو صدر ڈسٹرکٹ بارسردار ملک ساجد اعوان اور قائمقام جنرل سیکرٹری احسن سلیم منج نے وکلاء کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی آمد پر گلدستے پیش کئے گئے۔اس موقع پر ممبر پاکستان بار کونسل سید قلب حسن،ممبر پنجاب بار کونسل ساجد عباسی،صدر ہائیکورٹ بار سعید یوسف،نایب صدر ڈسٹرکٹ بار محترمہ شازیہ یاسمین ہاشمی کے علاؤہ وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے خطاب میں کہا کہ وکلاء برادری نظامِ عدل کی مضبوطی، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ وکلاء نے ہر دور میں جمہوری اقدار کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔آزادجموں و کشمیر حکومت خطے میں گڈ گورننس، شفافیت اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے سنجیدہ اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔معاشرتی انصاف کے قیام، آئینی حقوق کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے وکلاء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سیاسی استحکام اور ترقی کا انحصار مضبوط اداروں اور آئین کی بالادستی پر ہے، اور وکلاء اس سلسلے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ میں ریاست سے باہر فنڈز نہیں دے سکتا مگر ڈسٹرکٹ بار کے صدر سردار ملک ساجد اعوان کی وکلاء کیلیے جدوجہد اور خلوص کو مدنظر رکھتے ہوے اپنی جیب سے فنڈ دونگا۔اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر صدر ڈسٹرکٹ بار سردار ملک ساجد اعوان اور قائمقام جنرل سیکرٹری احسن سلیم منج سمیت تمام وکلاء کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سعید یوسف ایڈووکیٹ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار ملک ساجد اعوان ایڈووکیٹ اور سابق ڈپٹی سپیکر آزادکشمیر اسرار عباسی ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض قائمقام جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن احسن سلیم منج نے ادا کیے۔ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سعید یوسف اور ڈسٹرکٹ بار کے صدر سردار ملک ساجد اعوان نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو تحفہ بھی دیا۔صدر ڈسٹرکٹ بار نے وزیراعظم کو سووینیئر بھی دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close