تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا شیڈول تبدیل، اب یکم ستمبر کو کھلیں گے؟

 تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ، جس کے تحت اسکولز 22 مئی سے 31 اگست 2026 تک بند رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق محکمۂ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے کے میدانی علاقوں میں واقع تمام تعلیمی اداروں کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نئے فیصلے کے تحت میدانی علاقوں میں اسکول اور کالجز 22 مئی سے 31 اگست 2026 تک بند رہیں گے۔

محکمۂ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے تحت گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے شروع ہونی تھیں۔ تاہم، عید الاضحیٰ کی تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کے ملاپ کی وجہ سے حکومت نے چھٹیوں کا آغاز پہلے کرنے کا فیصلہ کیا۔

محکمۂ تعلیم کا کہنا تھا کہ 22، 23 اور 24 مئی کو بالترتیب جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیاں آ رہی ہیں اور ملک میں 27 مئی سے 31 مئی 2026 تک عید الاضحیٰ کی سرکاری تعطیلات کا آغاز ہو رہا ہے۔

اگر پرانے شیڈول پر عمل کیا جاتا تو ہفتہ وار چھٹیوں کے بعد تعلیمی ادارے 25 اور 26 مئی کو صرف دو دنوں کے لیے کھلتے اور پھر عید کی چھٹیاں شروع ہو جاتیں۔ اس صورتحال اور شدید گرمی کے پیشِ نظر حکومت نے 22 مئی سے ہی باقاعدہ گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔

سرکاری حکام نے واضح کیا ہے کہ صوبے کے انتہائی سرد پہاڑی علاقوں کے لیے پہلے سے طے شدہ شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وہ اپنی جگہ برقرار رہے گا۔

خیبر پختونخوا کے شدید سرد پہاڑی علاقوں کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات صرف ایک ماہ کے لیے ہوں گی، جو یکم جولائی سے 31 جولائی 2026 تک مشاہدہ کی جائیں گی۔

یاد رہے صوبہ پنجاب میں بھی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے شدید ہیٹ ویو کے باعث صوبے بھر کے اسکولوں کے لیے 3 ماہ کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

 

پنجاب میں اسکول 22 مئی 2026 سے 23 اگست 2026 تک بند رہیں گے، جبکہ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کا دوبارہ آغاز 24 اگست سے ہوگا۔

شدید موسم کے پیشِ نظر حکومت نے اسکولوں کو پہلے ہی اوقاتِ کار تبدیل کرنے کی ہدایت کی تھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close