قربانی کے جانور خریدنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

لاہور:    انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایات پر لاہور سمیت صوبہ بھر کی مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبہ بھر کی 222 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 4 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ بیوپاریوں اور قربانی کے جانور خریدنے کیلئے آنے والے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں آنے والے بیوپاریوں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس نے جامع سکیورٹی اقدامات کیے ہیں۔

 

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے منظور شدہ مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہ دی جائے اور غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ نوسربازوں، جیب تراشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے موثر پٹرولنگ پلان تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس رسپانس یونٹس سمیت دیگر پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں اور ان کے اطراف مسلسل گشت کو یقینی بنائیں تاکہ شہری بلاخوف و خطر قربانی کے جانور خرید سکیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں قائم 6 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 600 سے زائد پولیس افسران اور جوان فرائض انجام دے رہے ہیں۔

 

اسی طرح شیخوپورہ ریجن کی 23 مویشی منڈیوں کیلئے 150، گوجرانوالہ ریجن کی 44 مویشی منڈیوں کیلئے 525، راولپنڈی ریجن کی 22 مویشی منڈیوں کیلئے 340 سے زائد، سرگودھا ریجن کی 22 مویشی منڈیوں کیلئے 170، فیصل آباد ریجن کی 19 مویشی منڈیوں کیلئے 538 سے زائد، ملتان ریجن کی 20 مویشی منڈیوں کیلئے 480 سے زائد، ساہیوال ریجن کی 11 مویشی منڈیوں کیلئے 230 سے زائد، بہاولپور ریجن کی 29 مویشی منڈیوں کیلئے 410 سے زائد جبکہ ڈی جی خان ریجن کی 26 مویشی منڈیوں کیلئے 210 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close