اسلام آباد: ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد باقاعدہ ماہانہ آمدن حاصل کرنے کا ایک نیا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے ذریعے وہ اپنی زندگی بھر کی جمع شدہ بچت کو مستقل ماہانہ رقم میں تبدیل کر سکیں گے۔
اس حوالے سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ریٹائرمنٹ سسٹم کو مزید مضبوط اور جدید بنانے کے لیے نئی اینیوٹی مصنوعات کی منظوری دے دی ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ریٹائرڈ افراد کو زندگی کے آخری حصے میں مالی تحفظ فراہم کرنا اور انہیں مستقل ماہانہ آمدن کا قابلِ اعتماد ذریعہ دینا ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق اس نظام کے تحت لائف کنٹنجنٹ، ڈیفرڈ اور گارنٹیڈ پیمنٹ اینیوٹیز جیسی نئی اسکیمیں متعارف کروائی گئی ہیں، جو ریٹائرڈ افراد کو عمر بھر آمدن کی فراہمی اور باقاعدہ ادائیگیوں کی ضمانت فراہم کریں گی۔
نئے نظام کے ذریعے ریٹائر ہونے والے افراد اپنی جمع شدہ بچت کو ایک منظم اور باقاعدہ ماہانہ آمدن میں تبدیل کر سکیں گے، جس سے ان کی مالی منصوبہ بندی آسان ہو جائے گی۔ ایس ای سی پی حکام کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اوسط عمر میں اضافے کے باعث پیدا ہونے والی مالی مشکلات سے نمٹنے میں یہ اسکیمیں اہم کردار ادا کریں گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اینیوٹی مصنوعات روایتی انشورنس کے ساتھ ساتھ اسلامی نظامِ معیشت (تکافل) کے تحت بھی دستیاب ہوں گی، تاکہ مختلف ترجیحات رکھنے والے افراد اپنی ضرورت کے مطابق ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کا ریٹائرمنٹ سسٹم مزید مستحکم ہوگا بلکہ معمر شہریوں کو مالی طور پر خودمختار بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






