مون سون کا آٹھواں اسپیل، شدید بارشوں کا الرٹ جاری

لاہور، پشاور (آئی این پی) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا، انتظامیہ کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں مون سون کے آٹھویں اسپیل کے دوران 29 اگست سے 5 ستمبر تک بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، ساہیوال، پاکپتن سمیت متعدد اضلاع متاثر ہوسکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کے خطرے کے باعث ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور نے شہریوں کو بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش سے گریز، خراب موسم میں غیر ضروری سفر نہ کرنے اور آندھی، طوفان و آسمانی بجلی کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بھی 29 اگست سے 5 ستمبر تک مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔

چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بارش کا امکان ہے، جبکہ یکم سے 4 ستمبر تک کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک اور وزیرستان میں بھی بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں 31 اگست سے 5 ستمبر تک اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر، ٹریکنگ، ہائیکنگ اور کیمپنگ سے گریز کرنے، جبکہ شہریوں کو ندی نالوں، برساتی پانی اور زیرآب سڑکوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ خیبرپختونخوا میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔