اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز اسپتال میں پیش آنے والے اندوہناک سانحے کے بعد شہر کے فائر اینڈ ریسکیو نظام کو جدید بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، چین نے اسلام آباد کے لیے 21 جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد فائر بریگیڈ کی موجودہ گاڑیاں تقریباً 20 سال پرانی ہیں اور آخری مرتبہ بڑی تعداد میں گاڑیاں 2006 میں خریدی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق چین سے ملنے والی فائر گاڑیوں اور آلات کی مالیت 72.31 ملین چینی یوآن ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 ارب روپے بنتی ہے۔ اسلام آباد کو بلند عمارتوں میں ریسکیو آپریشن کے لیے جدید اسنارکل فائر ٹینڈر بھی فراہم کیا جائے گا۔
نئی فائر گاڑی تقریباً 88 میٹر بلندی تک ریسکیو آپریشن کرسکے گی، جبکہ اسلام آباد کے موجودہ فائر ٹینڈرز 68 میٹر تک رسائی رکھتے ہیں۔ اس طرح ریسکیو کی صلاحیت میں 20 میٹر تک اضافہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی گاڑیاں ستمبر میں پاکستان پہنچ جائیں گی۔ یہ امداد 2024 کے پاک چین مفاہمتی یادداشت کے تحت فراہم کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے واقعے میں 14 نومولود جاں بحق ہوئے تھے، جس کے بعد اسپتال سمیت اسلام آباد کے فائر ریسکیو نظام پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے۔ نئی گاڑیوں کی فراہمی سے بلند عمارات میں آگ لگنے اور ہنگامی ریسکیو آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔






