بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ہونے کو تیار ، الرٹ جاری کر دیا گیا

مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے پیش نظر بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر میں بارشوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ 10 سے 14 اکتوبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات اور اٹک میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، میانوالی، فیصل آباد، سرگودھا اور جھنگ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب پشاور میں پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ خراب موسم کے پیشِ نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 10 سے 15 اکتوبر تک بارشوں کا امکان ہے جبکہ مختلف مقامات پر ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے

تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بل بورڈز، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب کے نظام کی صفائی، سڑکیں آمدورفت کے لیے کھلی رکھنے، اور دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیاحوں اور مسافروں کو خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، بارش اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے اور بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ کسانوں اور مال مویشی پالنے والوں کو بھی بارش اور ژالہ باری سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کا کہا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر موسمی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔