وزیراعظم کا فیول سبسڈی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے لئے بڑا اعلان

 وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے لئے اعلان کرتے ہوئے کہا عوام کی سہولت کے لئے یہ اسکیم جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی اسکیم کے تحت ڈیجیٹل طریقہ کار سے شفاف انداز میں ایک کروڑ سے زائد مستحقین کو براہ راست سبسڈی فراہم کرنے والے وزراء اور افسران کے اعزاز میں دی گئی تقریب اور عصرانے سے خطاب کیا۔

وزیراعظم نے فیول سبسڈی اسکیم” میں وفاق کے ساتھ صوبوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ اس سکیم سے کم از کم ایک دفعہ مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، یہ پختہ عزم، غیر متزلزل لگن، وابستگی اور انتھک کوششوں پر مبنی بہترین ٹیم ور کا نتیجہ ہے جس پر وزراء اور متعلقہ ادارے تحسین کے مستحق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے وفاق نے صوبوں کی مدد سے مکمل یکجہتی کے ساتھ پٹرول سبسڈی فراہم کی، اس کو سراہتا ہوں، یہ ہمارا ایک بہت ہی اہم اقدام تھا اور ہے، اس میں خطرات بھی بہت تھے، بے شمار باتیں ہوئیں، لیکن ہم سب نے اللہ کا نام لے کر مل کر اس کے لیے جو کوششیں کیں، وہ الحمدللہ آج رنگ لا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے یہ اسکیم جاری رہے گی، اس سکیم کے لئے 75 ارب روپے کے فنڈز مختص کر رکھے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ کر ذاتی طور پر ان کا شکریہ ادا کیا کہ وزرائے اعلیٰ اور ان کی ٹیموں نے بڑی محنت کی اور بھرپور تعاون کیا، اس کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے آج اگر موازنہ کریں تو جب فروری کے مہینے میں یہ جنگ شروع ہوئی تھی، اس وقت بھی ہم نے اسی طرح کا اقدام کیا تھا، اس میں صوبوں نے انتظامی طور پر بھی اور مالی طور پر بھی اپنا پورا حصہ ڈالا تھا، اس کی جو بلند ترین سطح تھی، اس موقع پر 13 لاکھ ٹوکنز جاری ہوئے تھے۔