بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہریانوی گلوکار اور معروف یوٹیوبر انکت بالیان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ بدھ کی شام کوتوالی تھانے کی حدود میں پیش آیا، جب انکت بالیان جم سے ورزش کے بعد باہر نکل رہے تھے۔ دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح حملہ آوروں نے انہیں گھیر کر متعدد گولیاں فائر کیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان پر مجموعی طور پر 18 گولیاں چلائی گئیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس حکام جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ حملہ آوروں کی شناخت اور ان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جاسکے۔
انکت بالیان سوشل میڈیا پر بھی خاصے مقبول تھے اور ان کے یوٹیوب چینل کو 3 لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد فالو کرتے تھے۔ وہ اپنی ویڈیوز میں کئی معروف گلوکاروں، فنکاروں اور پرفارمرز کے ساتھ بھی نظر آتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق ان کی متعدد ویڈیوز میں اسلحے کی نمائش، فائرنگ اور لگژری گاڑیوں کو نمایاں کیا گیا تھا۔ یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی ہیں کہ وہ آئندہ پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
پولیس نے تاحال قتل کے محرکات کے حوالے سے کوئی حتمی مؤقف اختیار نہیں کیا، جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔






