ایران جنگ کے باعث امریکا کمزور ہوا ہے، امریکی انٹیلی جنس

امریکی انٹیلی جنس رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمجھتے ہیں کہ ایران جنگ کے باعث امریکا کمزور ہوا ہے اور روس یورپ میں امریکی مفادات اور اتحادیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا موقع حاصل کر سکتا ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ رپورٹس سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کے ماسکو کے حالیہ پراسرار دورے سے قبل سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریٹکلف نے روسی حکام کو یوکرین کے خلاف جنگ میں مزید شدت لانے سے گریز کرنے کا انتباہ بھی دیا۔

رپورٹس کے مطابق ایران کے خلاف طویل فوجی مہم کے باعث امریکی فوجی تیاریوں اور ہتھیاروں کے ذخائر پر دباؤ بڑھا ہے۔ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، ٹوماہاک کروز میزائل اور اے ٹی اے سی ایم ایس جیسے اہم ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی کی اطلاعات ہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق روس نے یوکرین میں امریکی فضائی دفاعی نظام کی کمی سے فائدہ اٹھایا ہے، جبکہ یورپی ممالک کی جانب سے مزید انٹرسیپٹرز فراہم کرنے کی بڑی کھیپ اگلے سال تک پہنچنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب مشرقی یورپ کی بالٹک ریاستوں سمیت نیٹو ممالک نے بھی خدشات ظاہر کیے ہیں کہ روسی صدر فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزیوں اور ڈرونز کے واقعات کو خطے پر دباؤ بڑھانے یا مزید اشتعال انگیز دراندازیوں کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔