اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکس چوری و اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پی آر اے ایل کی تنظیم نو، ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور اسمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
شہباز شریف نے ٹیکس اصلاحات کے اقدامات مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور اصلاحات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے ٹیکس نظام میں مؤثر اصلاحات نافذ کی جا رہی ہیں، جبکہ ڈیجیٹلائزیشن، پیداوار کی نگرانی اور خودکار نظام ایف بی آر اصلاحات کے اہم ستون ہیں۔
انہوں نے ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیرقانونی کاروبار کے خلاف مؤثر کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایف بی آر میں اچھی شہرت رکھنے والے گڈز ایویلیویٹرز کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا۔






