امیتابھ بچن کا شوہروں کو شادی شدہ زندگی کے حوالے سے دلچسپ مشورہ

بولی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے شادی شدہ زندگی میں سکون برقرار رکھنے کا دلچسپ فارمولا بتاتے ہوئے شوہروں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر بیوی ناراض ہو تو بحث کرنے کے بجائے فوراً اپنی غلطی تسلیم کرلینی چاہیے۔

امیتابھ بچن اپنی سنجیدہ اور باوقار شخصیت کے ساتھ ساتھ برجستہ مزاح کے لیے بھی مشہور ہیں۔ ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں امیدواروں سے گفتگو کے دوران وہ اکثر اپنی حاضر جوابی سے شرکا اور ناظرین کو محظوظ کرتے ہیں۔

حالیہ پروگرام میں ایک امیدوار سے گفتگو کے دوران امیتابھ بچن نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شوہروں کے لیے سب سے عقلمندی یہی ہے کہ اگر بیوی غصے میں ہو یا گھر میں کسی معاملے پر اختلاف پیدا ہوجائے تو بحث میں پڑنے کے بجائے فوراً اپنی غلطی تسلیم کرلینی چاہیے۔

بگ بی نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر شوہر اپنی غلطی تسلیم نہ کرے یا بیوی کو جواب دینے کی کوشش کرے تو پھر ’’جوتے، چپل اور بیلن‘‘ چلنے میں دیر نہیں لگتی، اس لیے خاموشی اختیار کرنے میں ہی عافیت ہے۔

امیتابھ بچن کی اس دلچسپ بات پر شو کے سیٹ پر موجود حاضرین، خصوصاً شادی شدہ مرد، بھی بے اختیار قہقہے لگانے لگے۔

ان کی یہ مزاحیہ ’نصیحت‘ سوشل میڈیا پر بھی خاصی پسند کی جا رہی ہے اور صارفین اسے شادی شدہ زندگی کے حوالے سے بگ بی کا دلچسپ اور حقیقت کے قریب مشورہ قرار دے رہے ہیں۔