فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نوجوانوں سے متعلق اہم پیغام

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے کے اثرات سے بچتے ہوئے حقائق پر مبنی سوچ اپنائیں اور ملکی ترقی میں اپنا بامعنی کردار ادا کریں۔

پاکستان کے دورے پر آئے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی صورتحال، پاکستان کی سیکیورٹی صورتِ حال اور خطے سمیت دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہارورڈ بزنس اسکول کے وفد میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل تھے۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں میں تعلیم اور مہارتوں کے حصول کی اہمیت پر زور دیا اور انہیں انٹرپرینیورشپ کے ساتھ ساتھ حقائق پر مبنی تجزیاتی سوچ اپنانے کی تلقین کی۔

انہوں نے نوجوان نسل کو بدلتی ہوئی دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنے اور ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے کے اثرات سے محتاط رہنے اور معلومات کا حقائق کی بنیاد پر تجزیہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔

ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان میں اپنے دورے کے تجربات کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کی کشادہ دلی اور گرم جوشی کا خصوصی طور پر اعتراف کیا۔ وفد نے پاکستان میں موجود صلاحیتوں اور مواقع کو بھی سراہا۔