بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر ہونے والے فراڈ سے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
بیورو کے مطابق غیر معمولی طور پر زیادہ تنخواہ کی پیشکش یا معمولی نوعیت کے کام کے لیے بہت زیادہ رقم طلب کرنا فراڈ کی علامت ہوسکتی ہے، اس لیے ایسی پیشکشوں پر محتاط رہیں۔
اگر کوئی کمپنی بغیر درخواست دیے رابطہ کرے، انٹرویو نہ لے یا کسی باقاعدہ ای میل کے بغیر ملازمت کی پیشکش کرے تو اسے بھی مشکوک سمجھا جائے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر کمپنی کی ویب سائٹ غیر حقیقی، غیر تصدیق شدہ یا نامکمل معلومات پر مشتمل ہو تو ملازمت قبول کرنے سے پہلے مکمل تحقیق اور تصدیق کریں۔
بیرونِ ملک ملازمت کے لیے پراسیسنگ فیس ادا کرنے یا پاسپورٹ جمع کرانے سے پہلے متعلقہ کمپنی اور ملازمت کی مکمل تصدیق ضروری ہے۔
بیورو آف امیگریشن نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ مشکوک ملازمت کی پیشکشوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی قسم کی رقم یا ذاتی دستاویزات فراہم کرنے سے پہلے لازمی تصدیق کریں۔






