سوشل میڈیا پر آن لائن کھلی کچہری ، اہم فیصلہ کر لیا گیا

لاہور پولیس نے شہریوں سے براہِ راست رابطے اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے سوشل میڈیا پر آن لائن کھلی کچہری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ہر اتوار لاہور پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آن لائن کھلی کچہری منعقد کی جائے گی، جہاں وہ خود شہریوں کے مسائل اور شکایات سنیں گے۔

شہری سوشل میڈیا اور ٹیلی فون کے ذریعے اپنی شکایات درج کرا سکیں گے، جبکہ آن لائن کھلی کچہری کے دوران براہِ راست پولیس حکام کو اپنے مسائل سے آگاہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ اور پولیس کو مزید جوابدہ بنانا ہے، تاکہ عوام کو آسان اور مؤثر انداز میں انصاف اور سہولت فراہم کی جا سکے۔