کیا عیدالفطر پر اس بار نئے کرنسی نوٹ ملیں گےیا نہیں؟ جانئے

کراچی: عیدالفطر کے موقع پر چھوٹوں اور عزیزوں کو عیدی دینے کی روایت پاکستان میں خاصی مقبول ہے۔ اکثر لوگ عیدی کے لیے بینکوں سے نئے اور کڑک دار کرنسی نوٹ حاصل کرنا پسند کرتے ہیں تاکہ عید کی خوشی مزید بڑھ جائے۔

اسی سلسلے میں سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں ایک نوٹیفکیشن تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس سال عیدالفطر پر بینکوں سے نئے کرنسی نوٹ دستیاب نہیں ہوں گے۔ اس مبینہ نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا کہ نئے نوٹوں کے اجرا کو روک دیا گیا ہے اور انہیں حاصل کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ایس ایم ایس سروس بھی بند کی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔ تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس وائرل نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ اسٹیٹ بینک حکام کے مطابق عیدالفطر پر نئے کرنسی نوٹوں کی عدم دستیابی سے متعلق کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اگر کوئی بھی فیصلہ یا اعلان کیا گیا تو اسے صرف سرکاری میڈیا ریلیز کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے غیر مصدقہ پیغامات پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر ہی اعتماد کریں۔ بینک حکام نے یقین دہانی کرائی کہ نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق کسی بھی حقیقی پیش رفت سے عوام کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا تاکہ معلومات میں شفافیت اور درستگی برقرار رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close