سونے کی قیمتوں میں استحکام، فی تولہ کتنے کا ہو گیا

عالمی اور مقامی مارکیٹ میں آج سونے کی قیمت مستحکم رہی۔

آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 کیرٹ فی تولہ سونا بغیر کسی تبدیلی کے 4 لاکھ 83 ہزار 36 روپے رہا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 4 لاکھ 14 ہزار 125 روپے پر برقرار رہی۔

ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 180 روپے اضافے کے بعد 7 ہزار 509 روپے ہوگئی، جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 4 ہزار 605 ڈالر پر مستحکم رہا۔

اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی تھی۔ سپاٹ گولڈ 0.5 فیصد کمی کے بعد 4,576.30 ڈالر فی اونس جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 0.8 فیصد کمی کے بعد 4,629 ڈالر فی اونس پر آگئے تھے۔

ماہرین کے مطابق سرمایہ کار امریکی مالیاتی پالیسی اور شرحِ سود کے حوالے سے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے سخت مالیاتی پالیسی کا اشارہ دیا گیا تو سونے کی قیمت پر مزید دباؤ آسکتا ہے، کیونکہ بلند شرحِ سود کے ماحول میں سونا سرمایہ کاروں کے لیے نسبتاً کم پرکشش ہوجاتا ہے۔