ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سالانہ شرح مہنگائی 9.04 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ دال چنا، گندم کا آٹا، انڈے، دال مسور، چائے، دال ماش اور بیف مہنگا ہوگیا۔
اس دوران ایل پی جی کی قیمت میں 3.46 فیصد، بجلی میں 2.04 فیصد، ڈیزل میں 2.44 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 1.71 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سالانہ بنیاد پر پیاز کی قیمت میں 126 فیصد، آٹے میں 45 فیصد اور ٹماٹر میں 37 فیصد اضافہ ہوا۔ ایل پی جی 56 فیصد، ڈیزل 36 فیصد جبکہ پیٹرول 30 فیصد مہنگا ہوا۔
ایک سال کے دوران بجلی کی قیمت میں 2.06 فیصد، سرخ مرچ میں 16 فیصد سے زائد، مٹن میں 16 فیصد، بیف میں 13.6 فیصد اور بریڈ کی قیمت میں 9.37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب زیرِ جائزہ عرصے میں 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی، جن میں ٹماٹر، چکن، پیاز، کیلے، لہسن، چاول اور آلو شامل ہیں۔





