آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا، 20 کلو تھیلے کی قیمت کہاں تک جا پہنچی؟

شانگلہ سمیت خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، 20 کلو تھیلا 3800 روپے تک پہنچ گیا

خیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث شانگلہ سمیت بالائی علاقوں کے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں، جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3700 روپے سے تجاوز کرکے 3750 اور 3800 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ موجودہ مہنگائی، بے روزگاری اور کم آمدنی کے باعث غریب اور محنت کش طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔

شانگلہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں جمعرات کے روز آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے وفاقی حکومت سے فوری نوٹس لینے اور پنجاب سے خیبر پختونخوا کے لیے رعایتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف روزگار کے مواقع محدود اور آمدنی کم ہے جبکہ دوسری جانب اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

گزشتہ روز ایک نجی ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم پر گورنر خیبر پختونخوا سے منسوب سوشل میڈیا پوسٹ بھی آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے زیر بحث رہی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمتوں کے درمیان 200 سے 250 روپے تک فرق ہے، تاہم اس بیان کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر مختلف عوامی اور سیاسی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شانگلہ سمیت بالائی علاقوں میں محنت کشوں، دیہاڑی دار مزدوروں اور کم آمدنی والے خاندانوں کی قوتِ خرید پہلے ہی متاثر ہے، ایسے میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ان کے لیے کسی نئے معاشی بحران سے کم نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت سے رابطہ کرکے خیبر پختونخوا کے لیے رعایتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی کا انتظام کیا جائے تاکہ بالائی اور دور افتادہ علاقوں کے عوام کو ریلیف مل سکے۔

مختلف حلقوں کی جانب سے وزیراعظم اور وفاقی حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور پنجاب سمیت دیگر صوبوں سے سستے آٹے کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے باعث وفاقی حکومت کی نگرانی اور ذمہ داری مزید اہمیت اختیار کرگئی ہے، لہٰذا عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔

عوامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کم آمدنی والے طبقے کو مزید معاشی دباؤ میں مبتلا کر رہا ہے، اس لیے حکومت کو صرف بیانات تک محدود رہنے کے بجائے آٹے کی قیمتوں میں کمی اور مناسب نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔