امریکا میں رواں سال نومبر میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی کے لیے ایک اہم امتحان ثابت ہو سکتے ہیں۔
ایک نئے سروے کے مطابق مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کو ریپبلکنز پر برتری حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سروے میں ووٹرز کی ایک بڑی تعداد نے کانگریس میں نمایاں تبدیلی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کئی موجودہ اراکینِ کانگریس کو انتخابی مقابلے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، کیونکہ متعدد ووٹرز کا خیال ہے کہ ریپبلکن حکومت مہنگائی اور معاشی مسائل پر مؤثر اقدامات نہیں کر رہی۔
سروے میں 63 فیصد امریکی شہریوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی اور معاشی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق معاشی صورتحال مڈٹرم انتخابات میں ووٹرز کے فیصلے پر اہم اثر ڈال سکتی ہے۔






