سپر مارکیٹس پر سائبر حملہ، ہیکرز نے فریج گرم کردیے

فرانس میں سپر مارکیٹوں پر سائبر حملہ، ہیکرز نے فریج گرم کر دیے۔

 

فرانس بھر میں سینکڑوں سپر مارکیٹوں کے فریج اور فریزر کا درجہ حرارت ہیک کر کے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھا دیا گیا، جس سے خوراک خراب ہو گئی اور بعض مقامات پر آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے۔

 

رائٹرز کے مطابق پیرس پراسیکیوٹر دفتر نے بتایا کہ خوراک فروخت کرنے والے بڑے اداروں کے منسلک ریفریجریشن سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا۔ ہیکرز نے سسٹمز کو ڈیفروسٹ موڈ پر لگا دیا، جس سے گوشت، سبزیوں اور فروزن اشیا سمیت لاکھوں یورو مالیت کی خوراک ضائع کرنا پڑی۔

 

متاثرہ گروپس میں کیریفور، مونوپری، انٹرمارشے اور کوآپریٹو یو شامل ہیں۔ کیریفور کے 80 اسٹورز، مونوپری کے 5 فیصد اسٹورز اور انٹرمارشے کے تقریباً 150 اسٹورز متاثر ہوئے، جہاں 6 گھنٹے تک درجہ حرارت بڑھا رہا۔

 

وزیراعظم سباستیاں لیکورنو نے قومی سائبر سیکیورٹی ادارے ANSSI کو تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ سائبر تجزیہ کاروں کے مطابق اسپین، پرتگال، پولینڈ، جرمنی اور بیلجیم میں بھی اسی نوعیت کے حملے رپورٹ ہوئے ہیں۔

 

دوسری جانب نیدرلینڈز کی چین البرٹ ہائن کی مالک کمپنی اہولڈ ڈیلازیز نے بھی نیٹ ورک میں سیکیورٹی مسئلے کی تصدیق کی ہے اور سسٹمز عارضی بند کر دیے، جس سے گروسری ڈیلیوری متاثر ہوئی۔ تاہم حکام کے مطابق تاحال فرانس اور نیدرلینڈز کے واقعات میں تعلق ثابت نہیں ہوا۔