تحریک انصاف نے 5 اگست کو مینارِ پاکستان پر جلسے اور احتجاج کی کال دے رکھی ہے، تاہم جلسے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں متبادل حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جلسے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے اجازت کے حصول کی کوششیں جاری ہیں اور ڈی سی لاہور کو دی گئی درخواست پر مسلسل رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت مل جاتی ہے تو احتجاجی پروگرام وہیں منعقد کیا جائے گا، تاہم اجازت نہ ملنے کی صورت میں پارٹی کارکن ایک مقام پر جمع ہو کر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، جہاں قیادت خطاب کرے گی۔
متبادل احتجاجی مقامات کے طور پر آزادی چوک، بتی چوک، لبرٹی چوک اور جی پی او چوک زیر غور ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ان میں سے کسی ایک مقام کا انتخاب کیا جا سکتا ہے، جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہو گی اور رہنما خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز اپنے اپنے حلقوں سے ریلیوں کی صورت میں احتجاجی مقام تک پہنچنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
پارٹی کے مطابق حتمی فیصلہ انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت سے مشروط ہوگا۔ اجازت ملنے کی صورت میں جلسہ مینارِ پاکستان پر ہوگا، جبکہ اجازت نہ ملنے پر لاہور میں کسی متبادل مقام پر احتجاج کیا جائے گا۔






