آئی جی پنجاب عبدالکریم نے لاہور سمیت صوبے بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے اور پولیس پٹرولنگ بڑھانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
انہوں نے تمام اضلاع کے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور حساس مقامات کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے۔
آئی جی پنجاب نے خصوصی طور پر مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور دیگر مذہبی مقامات کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری مراکز، بازاروں اور مصروف شاہراہوں پر پولیس گشت میں فوری اضافہ کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
انہوں نے سکیورٹی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شرپسند عناصر اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد پر کڑی نظر رکھنے کا کہا۔ اہم اور حساس علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے صوبے کے داخلی اور خارجی راستوں پر قائم چیک پوسٹس کو 24 گھنٹے الرٹ رکھنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ناکوں پر مشکوک گاڑیوں، افراد اور سامان کی سخت نگرانی اور چیکنگ کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا مشتبہ نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔






