آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے کے لیے عباس عراقچی کا عمان اور سعودی عرب سے رابطہ

آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم سفارتی رابطے سامنے آئے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے الگ الگ ٹیلی فونک گفتگو کی۔

ان رابطوں کے دوران تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات، خطے کی تازہ صورتحال اور علاقائی استحکام کے لیے تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

رپورٹس کے مطابق گفتگو میں آبنائے ہرمز کی صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی بے یقینی کو کم کرنے کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق فریقین نے علاقائی استحکام کے لیے تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

دوسری جانب سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی اور کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کی جانب سے بھی الگ الگ ٹیلی فون کالز موصول ہوئیں۔

ان رابطوں میں علاقائی سلامتی اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق قطری اور کویتی وزرائے خارجہ نے ایران اور یمن و عراق میں اس سے منسلک گروہوں کی جانب سے سعودی عرب اور خطے کے دیگر ممالک پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی۔

اس کے علاوہ برطانیہ کے وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے بھی سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

close