گزشتہ چند گھنٹوں کے غیر سنجیدہ دعوے اور پروپیگنڈا بے نقاب!

واشنگٹن :  امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے سے متعلق کئی دعوے درست نہیں ہیں، اور نہ ہی کسی ملاقات یا دستخط کے بدلے ایرانی منجمد فنڈز بحال کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق مجوزہ معاہدے میں ایران کو ذمہ داریاں پوری کرنے کی صورت میں معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس نے کہا کہ معاہدے سے متعلق متعدد غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ دعویٰ غلط ہے کہ صرف کسی ملاقات یا معاہدے پر دستخط کے نتیجے میں ایران کو نقد رقم یا منجمد فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ معاہدہ اس طرح ترتیب دیا جا رہا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خدشات کو ترجیح حاصل ہو۔ اگر ایران اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا ہے تو اسے معاشی فوائد ملیں گے، جو نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کے لیے مثبت ثابت ہو سکتے ہیں۔

جے ڈی وینس نے اپنے بیان میں کہا کہ اس معاہدے میں خطے میں دیرپا امن قائم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے بعض میڈیا رپورٹس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں غیر مصدقہ اور غیر سنجیدہ دعوے سامنے آ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ حلقے بغیر تصدیق کے رپورٹس پر اعتماد کر رہے ہیں، جو درست نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close