آج بادل برسیں گے یانہیں؟محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کی ہے۔ لاہور میں گرمی کا راج برقرار ہے جبکہ ہواؤں کی رفتار کم ہونے کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس کیا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں نویں نمبر پر ہے اور شہر میں آلودگی کی شرح 156 ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ حبس کی کیفیت برقرار ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ گرمی کی شدت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر میں جنوب مغربی سمت سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں فی الحال بارش یا بوندا باندی کا امکان نہیں، تاہم شہر کا فضائی معیار تسلی بخش ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پارٹیکیولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔