پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں مون سون بارشوں کے آٹھویں اسپیل کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق 29 اگست سے 5 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔
لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔





