اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ کے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے بارے میں عطاء تارڑ کا بیان حقائق سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف بتائیں کہ کیا عطاء تارڑ ان کی زبان بول رہے ہیں؟ دوسروں کی حب الوطنی پر انگلی اٹھانے سے پہلے عطاء تارڑ کو میاں نواز شریف کے ماضی کے متنازع بیانات کا جواب دینا چاہیے۔
اپنے بیان میں اسلم غوری نے کہا کہ ممبئی حملوں کے معاملے پر نواز شریف نے پاکستان کے خلاف جو بیان دیا تھا، عطاء تارڑ بتائیں کہ وہ کس کے مؤقف کی ترجمانی تھی؟ مسلم لیگ (ن) کا طرزِ سیاست یہ رہا ہے کہ اپوزیشن میں اداروں پر تنقید کی جاتی ہے جبکہ اقتدار میں آکر انہی اداروں کے پیچھے چھپا جاتا ہے۔ دوسروں سے وفاداری کے سرٹیفکیٹ طلب کرنے والوں کو پہلے اپنی قیادت کی سیاسی تاریخ کا حساب دینا چاہیے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے تمام مکاتب فکر کو متحد کرکے پاکستان میں خودکش حملوں اور مسلح جدوجہد کے خلاف متفقہ فتویٰ جاری کروانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ اس فتویٰ کی پاداش میں مولانا فضل الرحمان کو تین خودکش حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ جمعیت علمائے اسلام نے ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا سب سے زیادہ نشانہ جے یو آئی بنی، ہمارے سینکڑوں کارکن اور قائدین شہید ہوچکے ہیں۔ دہشت گردی سے متاثر ہونے اور اپنے کارکنوں کا خون دینے والی جماعت کو حب الوطنی کا درس دینا سیاسی کم ظرفی ہے۔ آمریت کی گود میں سیاسی پرورش پانے والوں کے منہ سے جمہوری قوتوں کو عسکریت پسندی کے طعنے زیب نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مرنا جینا پاکستان کے ساتھ ہے اور انہیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ ان کی پاکستان سے وفاداری سیاسی بیانات کی محتاج نہیں بلکہ ان کی طویل جدوجہد اور قربانیوں سے ثابت ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے سوال کیا کہ اقتدار سے محرومی کے بعد ملک میں سیاسی جدوجہد کرنے کے بجائے لندن اور جدہ کا رخ کیوں کیا جاتا ہے؟ مولانا فضل الرحمان نے کبھی سیاسی مشکلات کے دوران ملک سے فرار ہونے کا راستہ اختیار نہیں کیا۔
اسلم غوری نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا دامن حدیبیہ پیپر ملز اور ایون فیلڈ جیسے داغوں سے پاک ہے۔ دوسروں پر الزامات عائد کرنے کے بجائے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو اپنے ماضی اور سیاسی کردار پر جواب دینا چاہیے۔
ترجمان جے یو آئی نے واضح کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی حب الوطنی اور ملکی سلامتی کے لیے خدمات کسی سیاسی جماعت کے سرٹیفکیٹ کی محتاج نہیں ہیں۔






