لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چکوال یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چکوال کی دھرتی قابل اور ہونہار بچوں، غیرت مندوں اور شہداء کی سرزمین ہے۔ چکوال کی دھرتی سے پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی کا تعلق بھی اسی دھرتی سے ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ اسی پنڈال میں موجود ہر بچہ پاکستان کا نام روشن ضرور کرے گا۔ بچوں کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہر شعبے میں کام کرکے پاکستان کا نام روشن کرنا ہے۔ آج چکوال کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، لگتا ہے جیسے لاہور ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے آئے 500 بچوں سے مل کر بہت اچھا لگا۔ لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ کسی حکومتی احسان کے طور پر نہیں بلکہ بچوں کی محنت کا ثمر ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بچوں سے سوال کیا کہ بتاؤ پچھلے دو ڈھائی سالوں میں حکومت نے چکوال میں بہتری کے لیے کام کیے ہیں؟ چکوال میں نواز شریف اسکول آف ایمننس کا افتتاح خود کیا اور آج یہاں دو اسکول آف ایمننس موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غربت اور وسائل کی کمی ہی تعلیم سے محرومی کا سب سے بڑا سبب ہے۔ بعض بچوں نے اپنے وسائل کی کمی کے بارے میں بتایا۔ بچیوں نے بتایا کہ اگر حکومت کی طرف سے اسکالرشپ نہ ملتا تو شاید تعلیم حاصل نہ کر پاتیں۔ بعض والدین بچوں کی تعلیم کے لیے اپنے مویشیوں تک بیچ دیتے تھے۔ اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے بچوں کی قابلیت اور ذہانت میں کوئی کمی نہیں۔ بچوں کو تعلیم کے لیے وسائل نہ ملنا کسی بھی حکومت کے لیے باعث شرم ہے۔ چاہتی ہوں کہ پنجاب کا ہر بیٹا اور بیٹی تعلیم حاصل کرے۔ پنجاب میں بچوں کی تعلیمی ذمہ داری والدین کی نہیں بلکہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ والدین کی محنت اور ذمہ داری کی وجہ سے بچو، آپ یہاں تک پہنچے ہیں۔ والدین کی محنت اور دعاؤں کی وجہ سے بچوں کو لیپ ٹاپ، اسکالرشپ اور اسکوٹیز مل رہی ہیں۔ خیبرپختونخوا سے آئے 500 ہونہار بچوں کو بھی پنجاب کی طرف سے چھوٹا سا تحفہ مل رہا ہے۔ لیپ ٹاپ کے لیے بھی خیبرپختونخوا کا حصہ رکھا ہے کیونکہ قابلیت اور ہونہار بچوں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بچے بھی ہمارے بچے ہیں۔ بچو، جتنے خواب دیکھنے ہیں دیکھو، ریاست آپ کے ہر خواب کو پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کالجز اور یونیورسٹیوں میں نئے ایڈیشن، اے آئی لیب اور نئے کلاس رومز بن رہے ہیں۔ دل چاہتا ہے کہ بچوں پر تمام وسائل لٹا دوں لیکن 12 کروڑ صوبے کو بھی انہی وسائل سے چلانا ہے۔ ہیلتھ، ایجوکیشن، ٹرانسپورٹ، گرین بسوں اور پنجاب کے تمام سیکٹرز میں برابر حصہ دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چکوال میں اسکول آف ایمننس اور اسکول آف ایکسی لینس دیکھا ہے، جہاں امیر اور غریب کی تفریق ختم کر دی ہے۔ امیر کا بچہ بیکن ہاؤس، سٹی اسکول اور ایچی سن اسکول میں پڑھ سکتا ہے تو پنجاب میں ایسے اسکول بنا دیے ہیں جن کا معیار مہنگے اسکولوں کے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈگریوں کا دور ختم، اب اسپیشلائزڈ ایجوکیشن کا دور ہے، اے آئی نے دنیا بدل دی ہے۔ پنجاب کے بچوں کو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنانا چاہتے ہیں۔ آج چکوال میں بھی کیتھ لیب کا افتتاح کرنے جا رہی ہوں، پنجاب میں 22 کیتھ لیبز بن رہی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پہلے چھوٹے شہروں سے بڑے شہروں کی طرف علاج کی غرض سے لوگ جاتے تھے۔ گرین بس پراجیکٹ لاہور اور راولپنڈی جیسے بڑے شہروں کے علاوہ تمام چھوٹے شہروں میں بھی چل رہا ہے۔ گرین بس کے اسٹینڈ کو یکساں طرز پر ڈیزائن کرکے تمام شہروں میں بنا رہے ہیں۔ گرین بسوں میں خواتین کے لیے الگ اپارٹمنٹ ہے تاکہ محفوظ سفر کا احساس ہو۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام بیٹیاں اور خواتین اپنے آپ کو محفوظ سمجھتی ہیں جس سے مجھے بہت سکون ملتا ہے۔ بیٹی تعلیم یا کام کے لیے گھر سے باہر نکلے تو اپنے آپ کو محفوظ سمجھے، ایسا پنجاب چھوڑ کر جانا چاہتی ہوں۔ چکوال کی ڈپٹی کمشنر ایک خاتون ہیں جس پر ہمیں بہت فخر ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چکوال میں چار سے پانچ خواتین اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے پر فائز ہیں۔ ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے خواتین کے لیے بغیر کال کے ٹریس کے سسٹم کا نفاذ کر دیا ہے۔ پنجاب میں خواتین کے لیے پنک بٹن جگہ جگہ لگا دیے ہیں۔ چاہتی ہوں کہ سب بیٹیوں کو گھر سے باہر محفوظ ماحول میسر ہو۔ پنجاب کی بیٹیوں نے جو ترقی پچھلے دو سے ڈھائی سالوں میں کی ہے، تاریخ میں کبھی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں یونیورسٹیاں بغیر وائس چانسلر کے چل رہی تھیں، اب تمام یونیورسٹیوں کے سربراہان کو میرٹ پر تعینات کیا۔ پنجاب میں کسی وزیر کی حکمرانی نہیں بلکہ میرٹ اور عوام کی حکمرانی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر بہت قابل اور محنتی وزیر ہیں۔ حکومت ہمیشہ کسی کی نہیں رہتی، چاہتی ہوں ایسے اقدامات کروں جس سے بچے مجھے ہمیشہ یاد رکھیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اپنی چھت، اپنا گھر کے تحت لاکھوں خاندان اپنے گھر کے مالک بن گئے ہیں۔ ملتان اسٹیڈیم میں لوگوں نے اپنے گھروں کی پرنٹڈ تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت ڈھائی لاکھ گھر بن چکے ہیں، مزید گھروں کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ نواز شریف ہمیشہ بے گھر افراد کی سہولت کے لیے مجھے نصیحت کرتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مافیا مہنگے کرایوں اور ٹوٹی پھوٹی بسوں پر لوگوں کو سفر کراتے تھے۔ اب گرین بسوں پر خواتین، بزرگ افراد اور طلبہ کے لیے سفر بالکل مفت ہے۔ اگلے ماہ دسمبر میں طالبات کے لیے اسکوٹیز دینا شروع کر دیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بچوں سے کہا کہ وعدہ کرو اپنے ملک کو کبھی برا بھلا مت کہنا۔ بچو، ہر بات، ہر سوچ اور ہر قدم میں اپنے ملک کی بہتری اور ترقی کو اپنی سوچ میں شامل رکھنا۔






