ٹرمپ انتظامیہ کا وینزویلا اور عراق کو چھڑوانے کا خفیہ منصوبہ بے نقاب

واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وینزویلا اور عراق کو تیل پیدا کرنے والے ممالک کی عالمی تنظیم اوپیک چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی کوششوں کا انکشاف ہوا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اس معاملے سے واقف 10 افراد نے بتایا کہ امریکی حکام کی جانب سے وینزویلا اور عراق کو اوپیک چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں رواں برس کی گئیں۔ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی حکام دونوں ممالک میں تیل کی پیداوار اور سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے تھے اور انہیں خدشہ تھا کہ اوپیک کی جانب سے تیل کی پیداوار کی حد مقرر کرنے کے فیصلے ان منصوبوں میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے معاملے میں امریکی دباؤ اس حد تک بڑھا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مداخلت کرنا پڑی۔ معاملے سے واقف 2 افراد کے مطابق انہوں نے رواں سال موسم گرما میں ٹرمپ انتظامیہ کو وینزویلا پر اوپیک چھوڑنے کے لیے مزید دباؤ نہ ڈالنے پر آمادہ کیا۔

امریکی حکام نے عراق کے وزیراعظم علی فالح الزیدی سے بھی اوپیک چھوڑنے کے معاملے پر بات کی تھی۔ اس کے بعد عراقی وزیراعظم نے موسم گرما میں حکومتی اجلاس کے دوران تنظیم سے علیحدگی اختیار کرنے سے متعلق معاملہ اٹھایا تھا۔

تاہم عراقی وزارت تیل نے اس تجویز کی مخالفت کی تھی اور وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ تنظیم چھوڑنے کے بجائے عراق کے لیے تیل کی پیداوار کا زیادہ کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔

رپورٹ کے مطابق عراق کے حکمران اتحاد کے بعض حلقے اب بھی اوپیک اور اوپیک پلس سے علیحدگی کے حامی ہیں۔ ان کے خیال میں ان تنظیموں پر سعودی عرب اور روس کا زیادہ اثر و رسوخ ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ نے وینزویلا کو اوپیک کی سالانہ رکنیت فیس ادا کرنے سے بھی روک دیا تھا۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ امریکی حکام کا مؤقف تھا کہ یہ رقم زیادہ اہم کاموں پر خرچ کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اوپیک کے ارکان ہر سال تقریباً 28 لاکھ یورو رکنیت فیس ادا کرتے ہیں۔ یہ رقم تنظیم کے عملے کی تنخواہوں، تحقیق اور دیگر انتظامی اخراجات پر خرچ ہوتی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اس سوال کا براہ راست جواب نہیں دیا کہ آیا وینزویلا کی فیس کی ادائیگی روکی گئی تھی یا نہیں۔ تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ وینزویلا کے سرکاری فنڈز ایسے اکاؤنٹ میں موجود ہیں جو امریکا کے کنٹرول میں ہے اور عبوری حکومت کو ان فنڈز کے استعمال کے لیے امریکی حکام کے جائزے سے گزرنا پڑتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے اس حوالے سے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ممکن ہے نچلی سطح کے امریکی حکام نے وینزویلا کے ساتھ اوپیک چھوڑنے کا معاملہ اٹھایا ہو، تاہم اعلیٰ سطح کے حکام کی بات چیت میں یہ موضوع شامل نہیں تھا۔

اوپیک ذرائع نے بتایا کہ تنظیم کے پاس فیس ادا نہ کرنے کی صورت میں بھی وینزویلا کو رکنیت سے خارج نہ کرنے کا اختیار ہے اور فی الحال اسے تنظیم سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2019 کے بعد سے اوپیک کے 4 ارکان قطر، ایکواڈور، انگولا اور متحدہ عرب امارات تنظیم چھوڑ چکے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے رواں سال پیداوار کی حد سے متعلق اختلافات کے بعد علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ تاہم ان ممالک کے فیصلوں میں امریکا کے کردار کے شواہد نہیں ملے۔

اوپیک کے اعداد و شمار کے مطابق وینزویلا نے ستمبر میں تقریباً 12 لاکھ بیرل یومیہ تیل پیدا کیا تھا، جبکہ اس کی سرکاری تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے نے اگلے سال کے اختتام تک پیداوار 15 لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔