بارشیں ہی بارشیں ، محکمہ موسمیات نے نئے مون سون اسپیل کی خبر دیدی

محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں مون سون کے نئے اسپیل کے آغاز کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز بارشیں متوقع ہیں، جبکہ بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ دارالحکومت میں آئندہ دنوں کے دوران بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بوندا باندی کا امکان ہے۔

کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔