خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 11دہشتگرد جہنم واصل

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف تازہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن میں 11 دہشت گرد مارے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے جنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں کارروائیاں کی گئیں۔

بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران بارودی مواد سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا گیا۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں 5 خوارج مارے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگا کر انہیں گھیرے میں لیا اور مؤثر کارروائی کی۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کو کوارڈ کاپٹر کی مدد سے نشانہ بنایا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا اور مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔