لاہور (آن لائن) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 15 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران برساتی نالوں میں اچانک سیلاب، بڑے شہروں میں شہری سیلاب جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش متوقع ہے۔
سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، پاکپتن، خوشاب، لیہ، بھکر اور نورپور تھل میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں جبکہ راولپنڈی اور پوٹھوہار کے علاقے میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اطلاع جاری کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں شہری سیلاب کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، گجرات اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق برساتی نالوں میں اچانک سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔
محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، بلدیات اور مویشی پالنے سمیت متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
سیف انور جپہ نے شہریوں سے خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش اختیار نہ کریں، کیونکہ مون سون کے دوران کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ جانی نقصان کا خدشہ ہوتا ہے۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔






