وفاقی وزارت توانائی نے نوجوانوں کے لیے 1 ارب روپے کے پہلے ‘نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام’ کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ہر کامیاب نوجوان کو 5 لاکھ روپے تک کا معاوضہ دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت برائے توانائی پاور ڈویژن نے ملک میں توانائی کے بحران سے نمٹنے اور جدید تحقیق کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کا پہلا “نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام” باقاعدہ شروع کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاور سیکٹر میں نئی تحقیق، ٹیکنالوجی اور تخلیقی حل پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اس قومی پروگرام کے تحت ایک مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم “انوویشن حب” کے طور پر کام کرے گا۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ملک بھر کے نوجوانوں، محققین، جامعات اور انرجی ماہرین کو ایک چھت تلے اکٹھا کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ آئندہ تین برسوں میں 1 ارب روپے سے زائد کی رقم کامیاب اور قابل عمل منصوبوں کے لیے مختص کی جائے گی۔ ہر کامیاب نوجوان کو اس کے جدید منصوبے پر 5 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا جبکہ حکومت ان نوجوانوں کی مکمل سرپرستی، رہنمائی اور مالی معاونت بھی کرے گی۔
پروگرام کا بنیادی مقصد بہترین ریسرچ اور نظریات کو عملی طور پر قابل عمل صنعتی منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے تاکہ توانائی کے درپیش چیلنجز کا پائیدار حل نکالا جا سکے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام محض عارضی اسکیم نہیں بلکہ ایک مستقل قومی ادارہ جاتی نظام ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ دور میں پاور سیکٹر کو سخت محنت، اختراع اور تخلیقی سوچ کی اشد ضرورت ہے۔






