پاکستان امن پسند ہے لیکن اپنی خودمختاری کا دفاع کرنا اچھے سے جانتا ہے، صدرِ مملکت

اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صرف ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے جسے ہر نسل نے آگے بڑھانا ہے، پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہوگا۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں و کارکنوں اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال نے پاکستانی قوم کی طاقت کا احساس دلایا، معرکۂ حق نے ثابت کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے عزم اور صلاحیت سے بھی مالا مال ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ طاقت کا اصل سبق ذمہ داری ہے۔ جو ملک اپنا دفاع کرسکتا ہے، اسے اپنی طاقت کو تنازعات سے بچنے، امن کے تحفظ اور عوام کے مفادات کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔

انہوں نے ملک کے امن و استحکام کے لیے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ کی قربانیوں کو بھی سلام پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے اپنے سفارتی اثر و رسوخ کو مؤثر انداز میں استعمال کیا۔ پاکستان کا واضح مؤقف ہے کہ سنگین سے سنگین تنازعات بھی بالآخر مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی، علاقائی استحکام اور تعاون کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ اب ملک کے اندرونی معاملات پر توجہ مرکوز کرنے کا وقت ہے۔ معیشت مضبوط بنانا، نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنا، تعلیم و ہنر کا معیار بہتر بنانا اور نظمِ حکمرانی، معیشت و معاشرے میں اصلاحات کے ذریعے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ ترقی اور جمہوریت کے ثمرات ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔

صدر مملکت نے نوجوانوں کو پاکستان کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی، کاروبار، تعلیم اور تخلیقی شعبوں میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہیں معیاری تعلیم، ہنر اور مواقع فراہم کرنا دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔

صدر نے کہا کہ قومی ترقی کا اصل معیار یہ ہے کہ نوجوانوں کو روزگار اور ہنر کے مواقع، خاندانوں کو معیاری تعلیم و صحت، جبکہ کسان، مزدور، تاجر اور کاروباری افراد کو بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے اعتماد میسر ہو۔

انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقوق اور ان کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے پاکستان اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اپنا مؤقف برقرار رکھے گا۔

افغانستان کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کی قومی خودمختاری کا احترام کیا ہے، تاہم افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گرد حملوں پر تشویش ہے۔

انہوں نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ پاکستانی عوام کے خلاف کارروائیاں بند کی جائیں اور خبردار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے یومِ آزادی کے موقع پر تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ جس بھی شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے، قوم کو امن و خوشحالی عطا کرے اور ملک کو مضبوط اور بہتر مستقبل کی جانب گامزن کرے۔